ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاویری مسئلے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ناقابل قبول: ڈی کے شیوکمار

کاویری مسئلے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ ناقابل قبول: ڈی کے شیوکمار

Sat, 01 Oct 2016 11:11:41    S.O. News Service

بنگلورو30؍ستمبر(ایس او نیوز)کاویری آبی تنازعہ کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے تاز ہ حکم کو کرناٹک کے حق میں ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے آج کے دن کو کرناٹک کی تاریخ کا یوم سیاہ قرار دیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست کی تمام سیاسی پارٹیوں نے متفقہ طور پر لیجسلیچر میں جو قرار داد منظور کی عدالت عظمیٰ نے اس کا بھی احترام نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ کاویری آبی تنازعہ کے سلسلے میں عوام کے جذبات کو سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے جو ٹھیس پہنچی ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ ریاستی عوام کے ساتھ جو ناانصافی ہوئی ہے اس کے خلاف حکومت اپنی قانونی جنگ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو جو بھی مشکل درپیش ہو، حکومت اس سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔اس پر احتجاج کے مرحلے میں کسی بھی حال میں تشدد کا راستہ اختیار نہ کیا جائے۔ خاص طور پر منڈیا کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اسی لئے فطری طور پر ان کا احتجاج لازم ہے، اس احتجاج میں حکومت بھی ان کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ بشرطیکہ احتجاج پرامن رہے ، انہوں نے کہاکہ کل شام وزیراعلیٰ سدرامیا نے کاویری مسئلے پر کل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے، اس میں تمام امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کی طرف سے کاویری نگرانی بورڈ قائم کرنے کے فیصلے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت اس فیصلے کا چیلنج کرے گی۔حکومت کسی بھی حال میں کاویری نگرانی بورڈ کے قیام کو منظور نہیں کرے گی۔ 


Share: